وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ ہونہار طلبہ قوم کا فخر ہیں اور ان کی کامیابی والدین اور اساتذہ کی محنت و دعاؤں کا نتیجہ ہے۔
اسلام آباد میں پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم 2025 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم نےکہا کہ حکومت طلبہ کی فنی تربیت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور سو فیصد میرٹ کی بنیاد پر ایک لاکھ لیپ ٹاپس تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق پروگرام میں تاخیر اس وجہ سے ہوئی کہ لیپ ٹاپ بیگز سے تشہیری لوگو ہٹانے کی ہدایت دی گئی تھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایک لاکھ لیپ ٹاپس پر 40 سے 50 ارب روپے کی لاگت آئی ہے اور اگر نوجوانوں کی ترقی کے لیے 500 ارب روپے بھی خرچ کرنا پڑیں تو یہ سرمایہ کاری کم نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے اور اس نے پاکستانی طلبہ کو مفت اے آئی تربیت کی پیشکش کی ہے۔ وزیراعظم نے اسے سعودی عرب کی جانب سے ایک “عظیم دوستی اور تعاون” کی مثال قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بھرپور کوشش کرے گی کہ ہزاروں طلبہ کو سعودی عرب بھیج کر جدید تربیت فراہم کی جائے، جب تک یہ ذمے داری میرے پاس ہے میں قوم کے نوجوانوں کی تعلیم، تربیت اور روزگار کے لیے تمام وسائل ان کے قدموں میں نچھاور کروں گا۔
وزیراعظم نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ستاروں پر کمند ڈالنے کا جذبہ پیدا کریں اور ملک کو اقبال و قائداعظم کے وژن کے مطابق ترقی یافتہ اور خودمختار پاکستان بنائیں۔
تقریب کے اختتام پر وزیراعظم نے یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم 2025کا باضابطہ افتتاح کیا اور طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ اس موقع پر وفاقی وزرا عطااللہ تارڑ، طلال چوہدری، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود، طلبہ اور والدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔





