گورنرفیصل کریم کنڈی سے وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ملاقات،این ایف سی ایوارڈ پر مشاورت

 گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے ملاقات کی۔

گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والی ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور صوبے کی ترقی و خوشحالی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر اور وزیراعلیٰ نے این ایف سی ایوارڈ میں صوبے کے حقوق کے حوالے سے مشاورت کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ وفاق سے صوبے کے جائز حقوق کے حصول کے لیے باہمی تعاون اور یکجہتی کے ساتھ کردار ادا کیا جائے گا۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے اور عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر ایک مؤثر اور مشترکہ آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ باہمی اتحاد و ہم آہنگی کے ذریعے خیبرپختونخوا کو ترقی یافتہ، خوشحال اور پرامن صوبہ بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف کا چترال میں جدید ہسپتال بنانے کا اعلان

قبل ازیں فیصل کریم کنڈی نے صوبائی کابینہ سے حلف لیا۔

گورنر ہاؤس پشاور میں صوبائی وزراء کی تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی کابینہ کے 10 ارکان نے بحیثیت صوبائی وزراء اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

بحیثیت صوبائی وزیر حلف لینے والے اراکین میں مینا خان آفریدی، ارشد ایوب خان، امجد علی، آفتاب عالم آفریدی، فضل شکور خان، خلیق الرحمن، ریاض خان، سید فخرجہان، عاقب اللہ خان اور فیصل خان شامل ہیں ۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی وزراء کو مبارکباد دی اور نیک تمناؤں اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں :سونے اور چاندی کے شوقین افراد کے لیے بری خبر

تقریب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید، انتظامی محکموں کے سربراہان اور سیاسی و سماجی شخصیات بھی شریک ہوئے۔

Scroll to Top