بھارت یا جنوبی افریقہ؟ کون ہوگا ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کا نیا چیمپئن؟ فیصلہ آج سامنے آئیگا

ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آج بھارت اور جنوبی افریقہ ایک فیصلہ کن معرکے کیلئے ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں مدمقابل ہونگے۔ دونوں ٹیمیں تاریخ رقم کرنے کیلئے بھرپور تیاری کیساتھ میدان میں اتریں گی۔

1973 سے اب تک خواتین ون ڈے ورلڈ کپ صرف آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے حصے میں آیا ہے، لہٰذا آج کا فائنل کرکٹ کی تاریخ میں ایک نئی چیمپئن ٹیم کے ظہور کا دن ثابت ہوگا۔ بھارتی ٹیم اس سے قبل 2005 اور 2017 میں دو مرتبہ فائنل کھیل چکی ہے، لیکن ٹائٹل اپنے نام نہیں کر سکی۔ اس بار بھارت نے سات مرتبہ فائنل جیتنے والی آسٹریلیا کو سنسنی خیز سیمی فائنل میں شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم پہلی بار ون ڈے ورلڈ کپ فائنل میں پہنچی ہے۔ بھارتی کپتان ہرمین پریت کور نے فائنل سے قبل کہا کہ یہ میچ بھارت میں خواتین کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس بار بھارت کامیاب ہوا تو بین الاقوامی اور گھریلو سطح پر خواتین کرکٹ کے حوالے سے مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔

ہارمین پریت کور اور سمریتی مندھانا بھارتی خواتین کرکٹ کی اسٹار کھلاڑی بن چکی ہیں، خاص طور پر ویمنز پریمیئر لیگ (WPL) کے آغاز کے بعد۔ سیمی فائنل میں جمیما روڈریگز نے ناقابل شکست 127 رنز کی تاریخی اننگز کھیل کر بھارت کو 339 رنز کے ہدف تک پہنچایا۔

ادھر جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولوارڈٹ نے کہا کہ بھارت کی میزبانی اور ہوم کراؤڈ کا دباؤ ایک چیلنج بھی ہے اور موقع بھی۔ تماشائیوں کی حمایت بھارت کے ساتھ ہوگی، لیکن اتنے بڑے مجمع کے سامنے کھیلنا ان کے لیے ایک نایاب موقع ہے۔

ہرمین پریت کور نے کہا کہ اس فائنل کی سب سے خوبصورت بات یہ ہے کہ کرکٹ کو ایک نیا چیمپئن ملنے والا ہے، اور وہ چاہتی ہیں کہ وہ بھارت ہو۔ میچ کا آغاز آج شام ہوگا، اور ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں 45 ہزار سے زائد شائقین کی شرکت متوقع ہے۔

Scroll to Top