کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے کہا ہے کہ قومی ایئرلائن کا فلائٹ آپریشن عمومی طور پر جاری ہے، تاہم بعض پروازیں آپریشنل بوجھ اور شیڈول کے دباؤ کے باعث تاخیر کا شکار ہوئیں۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق کراچی سے ٹورنٹو کے لیے پرواز پی کے 783 اور اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے پرواز پی کے 701 بروقت روانہ ہوئیں۔
تاہم لاہور سے مدینہ جانے والی پرواز پی کے 747 چودہ گھنٹے تاخیر کے بعد روانہ ہوئی جبکہ کراچی سے جدہ جانے والی پرواز پی کے 761 کو بارہ گھنٹے کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
اسی طرح اسلام آباد سے دبئی کی پرواز پی کے 233 کو نو گھنٹے اور سیالکوٹ سے ریاض جانے والی پرواز پی کے 755 کو سات گھنٹے تاخیر ہوئی۔
اسلام آباد سے جدہ جانے والی پرواز پی کے 741 اور کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 300 بھی تاخیر کا شکار رہیں۔
یہ بھی پڑھیں : عوام کے لیے اہم خبر: شناختی کارڈ میں بڑی تبدیلی متوقع
پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق آپریشنل بوجھ اور تکنیکی وجوہات کے باعث پانچ پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، تاہم تمام متاثرہ مسافروں کو متبادل پروازوں یا ری شیڈولنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ فلائٹ آپریشن کو جلد مکمل طور پر معمول پر لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔





