وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا بڑا فیصلہ، ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں، ضم اضلاع میں تیز رفتار کام کی ہدایت
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضم اضلاع اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور فنڈز کے استعمال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ضم اضلاع میں تحصیل اور ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے لیے زمین کی خریداری ایک ماہ کے اندر مکمل کی جائے اور دسمبر سے تعمیراتی کام کا آغاز یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے فنڈز کی تفصیلات طلب کیں اور کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے مطابق مکمل ہوں تاکہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں شفافیت اور معیار برقرار رہے۔
وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت کی کہ تکمیل کے قریب منصوبوں کو مکمل فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ ان کا افتتاح ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور محکمے کے افسران منصوبوں کی رفتار تیز کریں اور فیلڈ وزٹس میں اضافہ کریں۔
سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کے وعدے کی بھی یاد دہانی کرائی کہ ضم اضلاع کی ترقی کے لیے ہر سال 100 ارب روپے فراہم کیے جانے تھے، مگر سات سال میں صرف 158 ارب روپے دیے گئے، جس سے ترقیاتی کام متاثر ہوا۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت ترقی کے سفر کو رکنے نہیں دے گی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے معیار، شفافیت اور تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے۔





