دریائے سوات واقعے کے بعد بڑا ایکشن،انسداد تجاوزات آپریشن آج پھر ہوگا

دریائے سوات کے کنارے غیر قانونی تعمیرات مسمار

سوات کی تحصیل بحرین کے سیاحتی مقام کالام میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وسیع پیمانے پر انسدادِ تجاوزات آپریشن جاری ہے۔

دریائے سوات کے کنارے قائم غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور متعلقہ محکموں کی بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کیا جا رہا ہے۔

ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان کے مطابق یہ آپریشن ڈائریکٹر جنرل شوذب عباس اور ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی خصوصی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محب اللہ خان یوسفزئی خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں،اسسٹنٹ کمشنر بحرین، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بحرین، ریونیو فیلڈ سٹاف، محکمہ ایریگیشن اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن بحرین کے افسران بھی آپریشن کی نگرائی کر رہے۔

آپریشن کے دوران بعض مقامات پر غیر قانونی قابضین کی جانب سے مزاحمت کی کوششیں کی گئیں، ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ آپریشن بلا امتیاز، شفاف اور قانونی تقاضوں کے مطابق جاری رہے گا۔

ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی تجاوزات سے گریز کریں اور دریائے سوات کے قدرتی حسن و ماحولیاتی توازن کے تحفظ میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

یہ بھی پڑھیں: سیلابی تباہی کی بنیادی وجوہات غلط منصوبہ بندی، تجاوزات اور جنگلات کی کٹائی ہیں، احمد نواز سکھیرا

انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کسی بھی اثر و رسوخ یا دباؤ کے بغیر آپریشن جاری رکھے گی تاکہ علاقے کی خوبصورتی، ماحولیاتی تحفظ اور عوامی مفاد کو یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top