سینیٹر افنان اللّٰہ کا سہیل آفریدی کے بغیر ثبوت الزامات پر ردعمل میںکہا، اخلاق سے گری ہوئی باتیں ناقابل قبول، آئینی ترامیم عوام کے حق میں ضروری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللّٰہ نے سہیل آفریدی کے بغیر ثبوت الزامات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر افنان اللّٰہ نے کہا کہ سہیل آفریدی نے اخلاق سے گری ہوئی بات کی اور ان کے الزامات کے پیچھے کوئی ٹھوس دلیل موجود نہیں۔
سینیٹر نے کہا’’آپ بانی سے محبت کرتے ہیں ٹھیک ہے، لیکن اس ملک سے بھی محبت ہونی چاہیے۔ آپ کا لیڈر کرپشن کے کیس میں قید ہے، اس کے باوجود بغیر ثبوت الزامات لگانا قابل افسوس ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ 27ویں ترمیم کے لیے قانون و انصاف کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس میں آئینی عدالت کے قیام، آرٹیکل 243 اور ججز کی ٹرانسفر کی ترامیم شامل ہیں۔ سینیٹر افنان اللّٰہ نے وضاحت کی کہ آئین حکومت چلانے کے اصول و ضوابط واضح کرتا ہے اور آئینی اصلاحات سے حکومت کے انتظامی امور اور براہ راست عوام پر اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر اکثریت موجود ہو تو آئین میں ترامیم لانے میں کوئی برائی نہیں ہے۔





