ملک میں چینی مزید مہنگی، قیمتیں نئی بلندیوں پر

ادارۂ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک میں چینی کی قیمتیں ایک بار پھر بلند ترین سطح پر جا پہنچی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کوئٹہ اس وقت سب سے مہنگا شہر بن چکا ہے جہاں چینی کی فی کلو زیادہ سے زیادہ قیمت 229 روپے تک ریکارڈ کی گئی جبکہ صرف گزشتہ ایک ہفتے کے دوران وہاں چینی 19 روپے مہنگی ہوئی ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پشاور میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 200 روپے فی کلو تک ہے جبکہ کراچی اور اسلام آباد میں یہ قیمت 195 روپے تک دیکھی گئی۔

راولپنڈی میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 190 روپے رپورٹ کی گئی ہے، اس کے علاوہ ملک بھر میں چینی کی اوسط قیمت موجودہ ہفتے میں 185 روپے 47 پیسے ریکارڈ ہوئی، جو گزشتہ ہفتے کی 187 روپے 48 پیسے فی کلو اوسط قیمت سے کچھ کم ہے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق سال بہ سال بنیاد پر چینی کے نرخوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، کیونکہ ایک سال قبل ملک میں چینی کی اوسط قیمت 132 روپے 24 پیسے فی کلو تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں چینی کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں

مارکیٹ ذرائع کے مطابق بڑھتی ہوئی سپلائی لاگت، ذخیرہ اندوزی اور مارکیٹ میں طلب و رسد کا عدم توازن قیمتوں میں اضافے کا بنیادی سبب ہیں۔

Scroll to Top