ملک میں چینی کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد قیمت 210 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ملک بھر میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 188 روپے 69 پیسے ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ ہفتے اوسط قیمت میں معمولی کمی صرف 12 پیسے رہی۔
رپورٹ کے مطابق مقامی مارکیٹوں میں صورتحال کا جائزہ لینے سے معلوم ہوا کہ سرگودھا میں چینی کی فی کلو قیمت 23 روپے تک بڑھ گئی ہے۔
کراچی اور حیدرآباد میں ایک ہفتے کے دوران چینی 5 روپے فی کلو مہنگی ہوئی ہے، کراچی اور سرگودھا میں چینی کی قیمت 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔
اسلام آباد و راولپنڈی میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 200 روپے فی کلو ریکارڈ کی گئی، حیدرآباد میں بھی چینی کی قیمت 190 سے بڑھ کر 195 روپے فی کلو ہو گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ سال ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 132 روپے 47 پیسے تھی جس کے بعد سالانہ بنیاد پر قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چینی کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں، پشاور میں فی کلو 210 روپے تک پہنچ گئی
ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں چینی کی قیمتوں میں اضافہ اور ملکی سطح پر پیداوار میں کمی ہے۔





