ضم اضلاع میں کھیلوں کے فنڈز میں مبینہ کرپشن کی شکایات وزیر بلدیات خیبرپختونخوا مینا خان آفریدی نے ایکشن لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دے دیا ۔
وزیر بلدیات مینا خان آفریدی کے مطابق ضم اضلاع کے ویلج کونسلز کو دیے گئے پانچ پانچ لاکھ روپے کے سپورٹس فنڈ میں بے ضابطگیوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
وزیر بلدیات نے کہا ہے کہ کھیلوں کے فنڈز میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی پیسے کا ہر روپیہ امانت ہے،بدعنوانی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے ضم اضلاع میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فنڈز کا مکمل آڈٹ کرنے کی بھی ہدایت دی ہے اور کہا کہ مقامی سطح پر کھیلوں کے فروغ کے منصوبے ہر صورت شفاف اور درست طریقے سے چلائے جائیں گے۔
محکمہ بلدیات کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق مینا خان آفریدی کی ہدایت پر سپورٹس ایکٹیویٹی کے اخراجات کی جانچ کے لیے ایک انکوائری کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں ڈائریکٹوریٹ لوکل گورنمنٹ کے ڈیپٹی ڈائریکٹرز شامل ہیں۔
کمیٹی کو اجلاس کی منٹس، اخراجات کے واؤچرز اور تصویری شواہد کی جانچ کا کام سونپا گیا ہے اور یہ سات دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ نوٹیفکیشن تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ حکام کو بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مینا خان آفریدی کا بڑا ایکشن، کرپشن میں ملوث اہلکاروں کو گھر جانا ہوگا
خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات مینا خان آفریدی کی زیر صدارت محکمہ بلدیات کا اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹری بلدیات اسلم ثاقب رضا، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) شاہ فہد، مینجنگ ڈائریکٹر اربن ایریاز ڈیولپمنٹ اتھارٹی مختیار احمد سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ بلدیات کے مجموعی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر بلدیات نے لوکل گورنمنٹ کمیشن خیبرپختونخوا کے ممبران کی جلد از جلد تکمیل کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اداروں کی فعالیت عوامی خدمت کے لیے ضروری ہے۔
مینا خان آفریدی نے اربن اموویبل پراپرٹی ٹیکس کی آمدن محکمہ بلدیات کو نہ ملنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال سمجھ سے باہر ہے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ کرپشن کے خلاف زیرو برداشت کی پالیسی اپنائی گئی ہے، اور جو اہلکار اس میں ملوث پایا گیا اُسے گھر جانا ہوگا۔





