ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ، ٹرانسپورٹرز نے کرایے بڑھا دیے، مسافر پریشان۔
ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس سے مسافروں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور سے مختلف شہروں کے لیے بسوں اور وینز کے کرایے بڑھا دیے گئے ہیں۔ لاہور سے بہاولپور کے لیے کرایہ 50 روپے، ملتان کے لیے 40 روپے اور ڈیرہ غازی خان کے لیے 70 روپے تک بڑھا دیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی موجودہ قیمت 265 روپے 45 پیسے فی لیٹر برقرار ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 284 روپے 44 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا فوری اطلاق کر دیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اثر نہ صرف ٹرانسپورٹ سیکٹر پر پڑ رہا ہے بلکہ مسافروں کی روزمرہ آمد و رفت کے بجٹ پر بھی منفی اثر ڈال رہا ہے۔





