تیسرے ون ڈے سے قبل سری لنکا کو بڑا دھچکا

تیسرے ون ڈے سے قبل سری لنکا کو بڑا دھچکا

تیسرے ون ڈے سے قبل سری لنکا کو بڑا دھچکا، کئی کھلاڑی بیمار اور انجری کا شکار

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے اور آخری ون ڈے سے قبل سری لنکن ٹیم کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ متعدد اہم کھلاڑی فٹنس مسائل اور بیماری کے باعث ٹیم سے باہر ہونے کے خطرے میں ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکن کپتان چریتھ اسالنکا بخار میں مبتلا ہونے کے باعث آج کے فیصلہ کن میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق ان کی حالت بہتر نہ ہونے پر انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

سری لنکن اسکواڈ کے اہم آل راؤنڈر ونندو ہسارنگا کو ہیمسٹرنگ انجری کا سامنا ہے، جس کے باعث ان کی بھی آج کے میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔ ہسارنگا کی انجری سری لنکن باؤلنگ لائن کے لیے بڑا دھچکا تصور کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق سری لنکا کے متعدد کھلاڑی وائرل انفیکشن کا شکار ہیں، جس نے پوری ٹیم کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ ٹیم میڈیکل اسٹاف مسلسل کھلاڑیوں کی صحت کا جائزہ لے رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کپتان اسالنکا میچ نہیں کھیل پاتے تو ان کی جگہ تجربہ کار بلے باز کوشل مینڈس ٹیم کی قیادت کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔تیسرا ون ڈے آج راولپنڈی میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں سری لنکن ٹیم مسائل میں گھری ہونے کے باوجود فتح کے لیے بھرپور کوشش کرے گی، جبکہ پاکستان وائٹ واش کی کوشش کرے گا۔

Scroll to Top