پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے قومی ٹیم نے مسلسل دو سیریز اپنے نام کی ہیں۔
تیسرا ون ڈے اور سری لنکا کے خلاف سیریز کو تین صفر سے جیتنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی بہترین محنت کر رہے ہیں اور ہر کھلاڑی پر مکمل اعتماد ہے کیونکہ وہ پاکستان کے لیے کھیلتے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا شاہین بھی جیتے اور پڑوسیوں سے بھی جیتے ہیں اللہ کا شکر ہے ہم ہر چیلنج کے لیے تیار ہیں اور ٹرائی اینگلولر سیریز میں بھی بہترین پرفارم کریں گے۔
شاہین شاہ آفریدی نے بابر اعظم کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے انہیں ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا، بابر اعظم ہمیشہ ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ بابر نے پہلی بار سنچری نہیں بنائی مگر ٹیم کافی عرصے سے ان کی سنچری کے منتظر تھی، انہوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے خود کو بہترین انداز میں ثابت کیا ہے۔
وکٹ کیپر محمد رضوان کی تعریف کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ رضوان نے سینئر کھلاڑی کا کردار بخوبی نبھایا۔
وسیم جونیئر کے حوالے سے کپتان نے کاہ کہ انہیں انجریز کا سامنا تھا اور آرام بھی دیا گیا تاہم اب وہ مکمل فٹ ہیں اور ون ڈے میں کامیاب کم بیک کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کر دیا
شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہا کہ پاکستان کے تمام باؤلرز گیم چینجر ہیں اور ہر میچ میں میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
کپتان شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہا کہ ٹرائی سیریز کے لیے ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی، انشاءاللہ ٹرائی سیریز میں بہترین پرفارم کریں گے ہم ہر چیلنج کے لیے تیار ہیں۔





