راولپنڈی: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے آج کو قومی کرکٹ کے لیے فخر اور خوشی کا دن قرار دیا ہے۔
انہوں نے پاکستان ٹیم کی حالیہ شاندار کارکردگی پر خصوصی مبارک باد دی۔
محسن نقوی نے سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم کی ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ فتح اور ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں پاکستان شاہینز کی بھارت اے کے خلاف تاریخی فتح پر خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 8 وکٹ سے شکست دی اور صرف 13.2 اوورز میں ہدف حاصل کر کے اپنی مہارت اور دبنگ پرفارمنس کا ثبوت دیا۔
چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں،کوچز اور انتظامیہ کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑی ملک کے لیے اپنی بہترین کرکٹ پیش کر رہے ہیں، جس سے پاکستان کرکٹ کا مستقبل روشن نظر آ رہا ہے۔
انہوں نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز میں بیک ٹو بیک شاندار پرفارمنس کو ٹیم کی محنت اور عزم کی مثال قرار دیا۔
محسن نقوی نے خاص طور پر حارث رؤف کو مین آف دی سیریز اور شاندار بولنگ کا اعزاز ملنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ ایسے کھلاڑی شائقین اور ملک کے لیے فخر کا باعث ہیں۔
یہ کامیابیاں پاکستان کرکٹ کے لیے ایک بہترین لمحہ ہیں اور قومی ٹیم کی مسلسل محنت اور مہارت کا مظہر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : رائزنگ سٹارز ایشیا کپ، پاکستان نے بھارت اے کو شکست دے دی
یاد رہے کہ رائزنگ سٹارز ایشیا کپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت اے کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
دوحہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے بھارت کی جانب سے 137 رنز کا ہدف 14ویں اوور میں با آسانی حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت نے برق رفتار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 79 رنز اسکور کیے جس کی بدولت ٹیم نے ایک یکطرفہ مقابلے میں فتح اپنے نام کی۔
بھارت اے کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ ہدف کے لیے صرف 136 رنز بنائے اور پوری ٹیم آؤٹ ہوئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے باولرز نے بہترین کارکردگی دکھائی، شاہد عزیز نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سعد مسعود اور معاذ صداقت نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔





