مدینہ: سعودی عرب میں مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جانے والی بھارتی عمرہ زائرین کی بس ڈیزل سے بھرے ٹینکر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 42 افراد جاں بحق ہو گئے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب زائرین کی بس مدینہ روڈ پر سفر کر رہی تھی کہ سامنے سے آنے والے ٹینکر سے زور دار تصادم ہوا۔
حادثے کے فوراً بعد سعودی سول ڈیفنس، ریسکیو اور میڈیکل ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 16 افراد کا تعلق ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد سے ہے۔
مجموعی طور پر 43 زائرین بس میں سوار تھے جن میں 20 خواتین اور 11 بچے شامل تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق صرف ایک شخص زندہ بچ سکا ہے جسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے کے بعد جدہ میں بھارتی قونصل خانے نے ہنگامی رابطہ نمبر اور ہیلپ لائن قائم کر دی ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو معلومات فراہم کی جا سکیں۔
قونصل خانے نے سعودی حکام کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے متاثرین کی شناخت، قانونی کارروائی، اور میتوں کی وطن واپسی کے انتظامات شروع کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مدینہ روڈ پر عمرہ سیزن کے دوران ٹریفک کا دباؤ بڑھ جاتا ہے، اور ماضی میں بھی اس شاہراہ پر تیزرفتاری اور بھاری گاڑیوں کے باعث حادثات رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ میں امن قائم رکھنا اور فلسطینی جانوں کی حفاظت پاکستان کی اولین ترجیح: پاکستانی مندوب
سعودی ٹریفک پولیس نے تصادم کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج، ڈرائیور کی معلومات اور گاڑیوں کی فنی حالت کا جائزہ لینے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔
بھارت کی وزارتِ خارجہ نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سعودی حکام کے ساتھ مکمل تعاون میں ہیں۔





