اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر غزہ کے لیے بھجوائی گئی 100 ٹن امدادی سامان کی تازہ کھیپ مصر پہنچ گئی ہے۔
لاہور ائیرپورٹ سے روانہ ہونے والی یہ امدادی کھیپ خیمے، ترپال شیٹس اور دیگر ضروری اشیا پر مشتمل تھی۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق یہ غزہ کے لیے بھیجی جانے والی 25 ویں امدادی کھیپ ہے اور اب تک پاکستان نے مجموعی طور پر 2,427 ٹن امدادی سامان غزہ روانہ کر دیا ہے۔
امدادی سامان العریش انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچنے پر پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے وصول کیا اور اسے مزید تقسیم کے لیے مصری ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے حوالے کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان مسلسل غزہ میں انسانی ہمدردی کے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ وہاں کے متاثرین تک بروقت امداد پہنچ سکے۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ میں خون کا سلسلہ جاری: تازہ بمباری میں 3 فلسطینی شہید
یاد رہے کہ ابھی تک اسرائیلی فوج کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں اور اتوار کے روز جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں تازہ بمباری میں 3 فلسطینی مزید شہید ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس کے مشرقی علاقے کے ساتھ ساتھ غزہ شہر کے زیتون محلے اور رفح کے قریبی حصوں کو بھی نشانہ بنایا۔
رواں سال 10 اکتوبر کو جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد اب تک اسرائیلی فورسز کے حملوں میں 274 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 1500 عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔
مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر طوباس میں بھی اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید ہوا۔
ادھر جنوبی لبنان میں اسرائیلی ٹینک نے اقوام متحدہ کے اہلکاروں پر بھی فائرنگ کی، جس کے بارے میں فوج نے دعویٰ کیا کہ خراب موسم کے باعث اہلکاروں کو مشتبہ سمجھا گیا۔





