خیبر: ضلع خیبر کے علاقے علی مسجد باڑا جمرود اور پشاور میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں اے این ایف کی مسلسل کامیاب کارروائیوں کے دوران گزشتہ 48 گھنٹوں میں ضلع خیبر کے مختلف علاقوں میں چھ چھان بین کی گئی، جس میں مجموعی طور پر 72 کلوگرام سے زائد آئس، ہیروئن، چرس اور افیون ضبط کی گئی۔
کارروائی کے دوران 5 منشیات فروش گرفتار ہوئے، جن میں ایک سرکاری ملازم بھی شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات گاڑیوں کے مختلف حصوں اور استعمال شدہ کپڑوں میں چھپائی گئی تھیں۔
اے این ایف نے 5 گاڑیاں قبضے میں لے لیں جن میں منشیات چھپائی گئی تھیں، جبکہ انٹر سٹی بس سروس کے کارگو میں گھریلو سامان میں چھپائی گئی آئس اسمگل کرنے کی کوشش کو بھی ناکام بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق ضبط کی گئی آئس اور ہیروئن افغانستان سے لائی گئی تھیں اور تیراہ اور خیبر کے راستے اندرونِ ملک اسمگل کی جا رہی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں : ضلع خیبر میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 16 کلو آئس برآمد
یاد رہے کہ کچھ دن قبل ضلع خیبر میں جمرود پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 16 کلوگرام آئس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کی قیادت میں ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے۔
جمرود پولیس نے علاقہ وزیر ڈھنڈ میں ناکہ بندی کے دوران مشتبہ شخص شیراز ولد وارث کو روکا اور اس کی تلاشی لی، جس کے دوران بوری میں چھپائی گئی 16 کلو آئس برآمد ہوئی۔
پولیس نے موقع پر ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔ گرفتار ملزم پہلے بھی منشیات کے مقدمات میں مطلوب تھا اور ایک منظم منشیات گروہ کا رکن ہے۔ ڈی پی او خیبر نے تمام چیک پوسٹوں پر چیکنگ مزید سخت کرنے کی ہدایت دی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ ضلع کو اس لعنت سے پاک کیا جا سکے۔





