شدید دھند کے باعث پشاور ٹول پلازہ سے رشکئی انٹرچینج تک موٹروے ایم ون بند

پشاور: پشاور اور گرد و نواح میں شدید دھند اور حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹروے ایم ون پشاور ٹول پلازہ سے رشکئی انٹرچینج تک عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ موٹروے استعمال کرنے والے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے کیا گیا ہے۔

ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر کرنا ضروری ہو تو گاڑی کی رفتار کم رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ فوگ لائٹس کا استعمال لازمی کیا جائے، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھا جائے اور ہنگامی حالات میں موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 سے فوری رابطہ کیا جائے۔

موٹروے پولیس کے مطابق دھند کی شدت کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گاڑی میں سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں، موبائل فون پر توجہ مرکوز کریں اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔

سفر سے قبل موٹروے پولیس کے افیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے بھی تازہ ترین صورتحال کی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عوام کو اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد ہونا ہوگا، ڈی جی آئی ایس پی آر کا جامعۃ الرشیدکراچی میں اجتماع سے خطاب

ترجمان نے کہا کہ دھند کے خاتمے کے بعد موٹروے کی ٹریفک کو مرحلہ وار کھولا جائے گا اور شہریوں کی محفوظ آمد و رفت یقینی بنائی جائے گی۔

اضافی احتیاطی تدابیر کے طور پر موٹروے پولیس نے ہائی ویز پر فاصلہ برقرار رکھنے، رات کے وقت سفر کرنے سے گریز، اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کی ہدایت کی ہے تاکہ دھند کے دوران ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top