چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ضمنی انتخابات میں ٹرن آؤٹ کی وجوہات بتا دیں۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے ضمنی انتخابات پرامن رہے اور کم ٹرن آؤٹ کی متعدد وجوہات ہیں۔
سکندر سلطان راجہ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومتوں کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ضمنی انتخابات میں عام طور پر ٹرن آؤٹ کم ہوتا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس مرتبہ عوام کی دلچسپی کم رہی کیونکہ انتخاب میں کوئی بڑی تبدیلی یا نمبر گیم شامل نہیں تھی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ڈی آراوز نے کچھ رپورٹس بھیجی ہیں جبکہ کچھ شکایات کا کمیشن نے خود نوٹس لیا تاہم آج کے ضمنی انتخابات میں کوئی غیر معمولی شکایات موصول نہیں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ طلال چودھری کو کل طلب کیا گیا ہے اور سماعت ہوگی۔
سکندر سلطان راجہ نے مزید کہا کہ لوکل گورنمنٹ انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایک وزیر اور امیدوار کو نااہل کیا جا چکا ہے اور ہر چیز کے لیے قانونی طریقہ کار موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہری پور، این اے 18 کے 141 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج آگئے
انہوں نے واضح کیا کہ دنیا بھر میں انتخابات میں خلاف ورزیاں ہوتی ہیں اور کمیشن وقتاً فوقتاً اپنی تجاویز حکومت کو پیش کرتا رہتا ہے تاہم کمیشن کے پاس ٹربیونل کو ہدایات دینے کا اختیار نہیں ہے۔





