وزیراعظم آج دو روزہ سرکاری دورے پر بحرین روانہ ہوں گے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف آج بحرین کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، جسے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور ہمہ جہتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور دیگر سینئر حکام شامل ہوں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم بحرین کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان روایتی طور پر قائم گرمجوش اور دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے، شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور عوامی سطح پر روابط کو گہرا کرنے میں معاون ثابت ہوگا، جس سے باہمی مفاد پر مبنی مستقبل کے تعاون کو تقویت ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں : احتجاج ہوگا یا ملتوی؟ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کا اہم اعلان سامنے آگیا

مزید کہا گیا کہ یہ سرکاری دورہ پاکستان اور سلطنتِ بحرین کے درمیان مضبوط سفارتی روابط اور اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ کے لیے پاکستان کے مستقل عزم کی نمائندگی بھی کرتا ہے۔

Scroll to Top