خیبر پختونخوا کی ترقی اور تحفظ کیلئے سہیل آفریدی اور امریکی قونصل جنرل کی اہم بات چیت

خیبر پختونخوا کی ترقی اور تحفظ کیلئے سہیل آفریدی اور امریکی قونصل جنرل کی اہم بات چیت

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات، سکیورٹی اور اقتصادی تعاون پر تفصیلی بات چیت۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے امریکی قونصل جنرل تھامس ایکرٹ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ایک اہم ملاقات کی، جس میں صوبے میں سرمایہ کاری، تجارت، معدنیات، توانائی اور سکیورٹی تعاون کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات میں تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں امریکی قونصل جنرل تھامس ایکرٹ نے کہا کہ تجارتی سفارتکاری امریکی خارجہ پالیسی کا مرکزی ستون ہے، اور اقتصادی سفارتکاری کے فروغ سے مجموعی امن و استحکام کو مضبوطی ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ معدنیات اور توانائی میں شراکت داری صوبے کی اقتصادی ترقی اور خطے کے استحکام کے لیے اہم ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے تمام منصوبوں میں مقامی آبادی کو اوّلین ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کی ایسی سرمایہ کاری کی مکمل حوصلہ افزائی کی جائے گی جو مقامی آبادی کو براہ راست فائدہ پہنچائے، اور صوبائی حکومت اس میں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

سہیل آفریدی نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی مفاد صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور حکومت سستی اور صاف توانائی کے فروغ کے لیے چھوٹے پن بجلی گھروں اور ڈیموں کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہوا، اور اس وقت صوبائی حکومت انفراسٹرکچر کی بہتری، ادارہ جاتی مضبوطی اور استعداد سازی پر کام کر رہی ہے۔ ضم شدہ اضلاع میں موجود نایاب معدنی ذخائر سے مقامی آبادی کو براہ راست فائدہ پہنچانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یہ ملاقات خیبر پختونخوا میں اقتصادی ترقی اور سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم سنگ میل کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، اور دونوں فریقین نے علاقائی امن، اقتصادی شراکت داری اور عوامی فلاح کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Scroll to Top