ایک بار پھر پی ٹی آئی کا بیانیہ غلط ثابت ہوا، جیل حکام کے مطابق بانی کی صحت بالکل ٹھیک ہے،طلال چوہدری

اسلام آباد: وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف اور بانی پی ٹی آئی کا خاندان جو بیانیہ بنا رہا تھا، آج کی صورتحال نے اس کی نفی کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور زندگی سے متعلق جیل انتظامیہ کا مؤقف درست ثابت ہوا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ یہ بات پہلے ہی طے تھی کہ حکومت یا جیل انتظامیہ کسی کی ڈکٹیشن پر عمل نہیں کرے گی، بلکہ ملاقات جیل قوانین کے مطابق ہی ممکن ہوگی۔

طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت مسلسل غلط تاثر دے رہی تھی کہ عمران خان کی صحت خراب ہے یا انہیں سہولیات نہیں دی جا رہیں، لیکن آج کی ملاقات نے حقیقت واضح کر دی کہ جیل انتظامیہ سچ بول رہی تھی۔

اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کرنے والی ان کی بہن عظمیٰ خان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے ملاقات میں شکوہ کیا کہ انہیں قیدِ تنہائی میں رکھا جا رہا ہے اور ان کا کسی سے کوئی کمیونی کیشن نہیں ہو رہا۔

یہ بھی پڑھیں : صوابی دھرنے کے بعد پی ٹی آئی نے اگلا سیاسی قدم اٹھانے کا اعلان کر دیا

عظمیٰ خان کے مطابق عمران خان ملاقات کے دوران خاصے غصے میں بھی تھے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت اور جیل انتظامیہ نے ہمیشہ قانون کے مطابق کام کیا ہے اور آج کی ملاقات نے یہ بات ثابت کر دی کہ انتظامیہ کا مؤقف درست تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی قسم کی سیاسی دباؤ یا دباؤ پر مبنی مطالبات پر عمل نہیں کیا جائے گا۔

Scroll to Top