گلوبل پیس انڈیکس کی رپورٹ جاری، آئس لینڈ ایک بار پھر دنیا کا سب سے پُرامن ملک قرار

گلوبل پیس انڈیکس نے دنیا کے پُرامن ترین ممالک کی تازہ فہرست جاری کردی ہے جس میں مجموعی طور پر 163 ممالک کا تفصیلی تجزیہ شامل ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس درجہ بندی میں سب سے زیادہ وزن جرائم کی شرح کو دیا گیا، جب کہ فوجی سرگرمیوں، سیاسی عدم استحکام اور داخلی تنازعات کو بھی اہم عوامل کے طور پر شامل کیا گیا۔

رپورٹ میں مختلف ممالک کے تعلیمی معیار، انصاف کے نظام، صحت سہولیات، سماجی بہبود، ڈیجیٹل سیکیورٹی اور بنیادی ضروریات تک رسائی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

تمام اشاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آئس لینڈ ایک بار پھر دنیا کا سب سے محفوظ ملک قرار پایا، جو 2008 سے مسلسل پہلی پوزیشن پر موجود ہے۔

اس کے بعد فہرست میں آئرلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریا شامل ہیں، جبکہ سنگاپور، سوئٹزرلینڈ، پرتگال، ڈنمارک، سلوینیا اور فن لینڈ بالترتیب پانچویں سے دسویں مقام تک موجود ہیں۔

مسلم ممالک میں ملائیشیا سب سے آگے رہا اور 13ویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب ہوا۔ پاکستان اس عالمی فہرست میں 144ویں پوزیشن پر ہے جبکہ افغانستان 158ویں نمبر پر موجود ہے۔

رپورٹ میں روس کو سب سے غیر پُرامن ملک قرار دیا گیا اور اسے آخری یعنی 163ویں پوزیشن ملی جبکہ اسرائیل 155ویں اور بھارت 115ویں نمبر پر رہا۔

Scroll to Top