وزیر خزانہ کی صدارت میں گیارہواں’’ این ایف سی‘‘ اجلاس آج، ایجنڈا جاری

وزیر خزانہ کی صدارت میں گیارہواں’’ این ایف سی‘‘ اجلاس آج، ایجنڈا جاری

وزیر خزانہ کی صدارت میں گیارہواں این ایف سی اجلاس آج، وفاق اور صوبوں کی مالی بریفنگز کے ساتھ ایوارڈ کی تیاری

تفصیلات کے مطابق گیارہواں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کا اجلاس آج منعقد ہو رہا ہے، جس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ اجلاس وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت میں ہوگا، جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ اور پرائیوٹ ممبران بھی شرکت کریں گے۔

وزارتِ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق، اجلاس میں وفاقی سیکریٹری خزانہ مرکزی حکومت کی مالی صورتِ حال پر بریفنگ دیں گے جبکہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت آئندہ اجلاسوں کے شیڈول اور ٹائم لائنز بھی طے کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق، اجلاس میں وفاقی وزارتِ خزانہ اپنی مالی صورتِ حال پر تفصیلی بریفنگ پیش کرے گی اور ہر صوبے کو 10، 10 منٹ کی مختصر بریفنگ کے ذریعے اپنی مالی پوزیشن بیان کرنے کا موقع دیا جائے گا۔

وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اجلاس سے قبل کہا کہ یہ اجلاس پاکستان فرسٹ کے جذبے کے تحت ہوگا، جس میں صوبوں کی رائے کو سنا جائے گا اور وفاقی حکومت اپنی مالی صورتحال کو شفاف انداز میں صوبوں کے سامنے رکھے گی۔

این ایف سی اجلاس کا مقصد ملک میں مالیاتی تقسیم کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینا اور آئندہ این ایف سی ایوارڈ کی تیاری کے لیے رہنما خطوط طے کرنا ہے۔ مالی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اجلاس کے نتائج ملک کی ترقیاتی منصوبہ بندی اور صوبوں کی مالی خود مختاری پر اہم اثر ڈال سکتے ہیں۔

Scroll to Top