سوات: مینگورہ بازار میں فٹ پاتھوں پر قبضہ ختم، دکانداروں کو سخت وارننگ جاری

شہزاد نوید
سوات: ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-I بابوزئی اور ٹریفک مجسٹریٹ سید عمران علی شاہ کی نگرانی میں مینگورہ بازار میں تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی خصوصی ہدایات پر یہ آپریشن بازار، نشاط چوک اور مدین روڈ سے گرین چوک تک کیا گیا۔

کارروائی کے دوران غیرقانونی تجاوزات کا معائنہ کیا گیا اور دکانداروں کو سختی سے متنبہ کیا گیا جنہوں نے دکانوں کے باہر سامان رکھ کر عوامی راستے اور فٹ پاتھ بند کیے تھے۔

دکانداروں کو موقع پر ہی سامان ہٹانے کی ہدایت دی گئی تاکہ شہریوں اور مسافروں کی آمدورفت میں رکاوٹ نہ آئے۔

یہ بھی پڑھیں : دفاع، ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام ادارے متحد رہیں گے، وزیر اعظم

مزید برآں دکانداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی نجی گاڑیاں سڑک کنارے پارک نہ کریں بلکہ مقررہ پارکنگ ایریاز میں کھڑی کریں تاکہ مرکزی علاقوں میں ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔

ضلع انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مینگورہ شہر میں ٹریفک دباؤ کم کرنے اور شہریوں کو آسانی فراہم کرنے کے لیے یہ کارروائی مسلسل جاری رہے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

Scroll to Top