مردان، ایکسائز ٹیم نے منشیات کی بڑی کھیپ پکڑ لی

محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا کو منشیات کے خلاف جاری آپریشن میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

مردان میں کارروائی کے دوران ایک مزدا کنٹینر سے 300 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کر لی گئی جس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔

یہ کارروائی ایکسائز انٹیلیجنس بیورو کی جانب سے صوبائی حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کی گئی۔ صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان کی ہدایات پر جاری آپریشنز کے دوران خفیہ اطلاع پر رنگ روڈ مردان کے مقام پر مشکوک مزدا ٹائی ٹن گاڑی کو روکا گیا۔

پروانشل انچارج سعود خان گنڈاپور اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر ماجد خان کی سربراہی میں انسپکٹر زرجان خان، اجمل لودھی اور دیگر ٹیم نے گاڑی کی جامع تلاشی لی۔ کنٹینر کے خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں چرس برآمد ہوئی جسے بین الصوبائی سمگلنگ کے ذریعے منتقل کیا جانا تھا۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے کیس کو مزید تفتیش کے لیے تھانہ ایکسائز مردان ریجن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ صوبے بھر میں منشیات فروشوں، ڈیلروں اور سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا۔

Scroll to Top