پی ٹی آئی مائنس ون پر نہیں آئی تو پوری پارٹی مائنس ہو گی، فیصل واوڈا

سینئر رہنما سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصٓف مائنس ون کے اصول پر قائم نہ رہی تو پوری پارٹی مائنس ہو جائے گی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ برداشت کر کے ہی موجودہ صورتحال تک پہنچے ہیں لیکن اب مزید کوئی سمجھوتہ یا برداشت نہیں کی جائے گی۔

فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ یہ محض اقتدار اور مالی مفادات کی جنگ ہے جو پارٹی کے بانی اور رہنماؤں کے درمیان جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے بانی کی کمزوری بہنوں نے واضح کر دی ہے اور اگر بانی پی ٹی آئی سے کسی کی ملاقات نہ کریں تو وہ پریشان ہو جاتے ہیں۔

واضح رہے گزشتہ روز سینیٹر فیصل واوڈا نے ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ آنے والا دن پاکستان کے لیے مثبت تبدیلیوں کا آغاز ثابت ہوگا اور ملک ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گا، دشمن قوتوں کے عزائم ناکام ہوں گے اور ان کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جائے گا۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت، مذاکرات اور سیاسی راستہ نکالنے کی بہت کوشش کی گئی، مگر بدقسمتی سے معیشت، سیاست اور حکومتی معاملات پر بات کرنے کے بجائے صرف اور صرف فوج کو نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جب ہمارے جوان خون دے رہے ہیں، ہم یہاں ان پر تنقید کر رہے ہیں جبکہ بھارت اور افغانستان اس صورتحال سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، غداری اور سیکیورٹی رسک کے بیانیے کے بعد صورتحال بالکل واضح ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کو فیصلہ کرنا ہوگا وہ ریاست کے ساتھ کھڑی ہے یا اپنی متنازع قیادت کے ساتھ، احسن اقبال

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ آئندہ دنوں میں صورتحال مزید واضح ہوگی، جو فہرست انہوں نے پہلے دی تھی اسی پر عمل درآمد ہوگا۔ ان کے مطابق نہ کوئی نرمی برتی جائے گی اور نہ ہی دنیاوی یا قانونی طور پر کسی معافی کی گنجائش ہوگی۔

Scroll to Top