ایبٹ آباد میں ڈی ایچ کیو ہسپتال سے مبینہ اغواء ہونے والی ڈاکٹر وردہ کی لاش برآمد، 67 تولہ سونا اور دوست کے کردار پر پولیس تحقیقات، والد کی مدعیت میں مقدمہ درج
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد میں ڈی ایچ کیو اسپتال سے مبینہ طور پر اغواء ہونے والی ڈاکٹر وردہ کی لاش لڑی بنوٹا کے مقام سے برآمد ہو گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ڈاکٹر وردہ 4 دسمبر کو اپنی دوست کے ہمراہ اسپتال سے اپنی گاڑی میں روانہ ہوئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر وردہ نے 67 تولہ سونا اپنی دوست کے پاس امانت کے طور پر رکھوایا تھا۔ پوسٹ مارٹم کے لیے لاش اسپتال منتقل کر دی گئی ہے تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
پولیس نے اغواء کے الزام میں ڈاکٹر وردہ کی دوست اور ان کے ڈرائیور کو حراست میں لے رکھا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ اصل ذمہ داروں تک پہنچا جا سکے۔
اس واقعے کے سلسلے میں ڈاکٹر وردہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اور پولیس ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ معاملے کا جلد از جلد فیصلہ کیا جائے۔





