کراچی: کراچی میں جاری 35ویں نیشنل گیمز میں مختلف ایونٹس کے سنسنی خیز مقابلوں کے ساتھ میڈلز کی دوڑ تیز ہو گئی ہے، جہاں پاکستان آرمی مجموعی طور پر سب سے آگے ہے۔
مختلف وینیوز پر جاری گیمز میں آرمی کے ایتھلیٹس اب تک 46 گولڈ، 15 سلور اور 11 برانز سمیت نمایاں برتری حاصل کر چکے ہیں۔ واپڈا 14 گولڈ، 8 سلور اور 11 برانز کے ساتھ دوسرے جبکہ نیوی 7 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان ائیر فورس اب تک 4 گولڈ میڈلز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
فینسنگ مقابلوں میں بھی دلچسپ مقابلے دیکھنے میں آئے۔ ہنزہ سے تعلق رکھنے والی عظمیٰ سلطان نے ایچ ای سی کے لیے گولڈ میڈل جیتا جبکہ مینز ایونٹ میں عبدالمصور نے انفرادی ایپے کے بعد انفرادی فوئل میں بھی گولڈ جیت کر ایچ ای سی کو دو مزید اعزازات دلوائے۔
شوٹنگ ایونٹس میں آرمی کی برتری برقرار رہی اور اس کے گولڈ میڈلز کی تعداد 10 ہو گئی ہے، جبکہ نیوی نے بھی چھ گولڈ اپنے نام کیے۔
10 میٹر ایئر رائفل ویمنز ایونٹ میں آرمی کی مہر خالق نے گولڈ، نیوی کی عنبر دلاور نے سلور اور سارہ سلیم نے برانز حاصل کیا۔
ٹیم ایونٹ میں آرمی نے گولڈ جبکہ نیوی نے سلور اور ایچ ای سی نے برانز جیتا۔ 50 میٹر پسٹل ایونٹ میں نیوی کے شاہ رخ خان نے شاندار پرفارمنس کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا جبکہ ٹیم کیٹیگری میں آرمی نے گولڈ، نیوی نے سلور اور ائیر فورس نے برانز حاصل کیا۔
رگبی میں بھی آرمی کی مینز ٹیم فاتح رہی اور فائنل میں واپڈا کو مات دے کر گولڈ میڈل جیت لیا۔ خواتین کے ایونٹ میں واپڈا نے پنجاب کو شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
تائیکوانڈو میں آرمی نے شاندار برتری کے ساتھ تمام 22 کیٹیگریز کے گولڈ میڈلز حاصل کر لیے، جبکہ کراٹے میں بھی آرمی کے کھلاڑی چھائے رہے اور پانچ گولڈز جیتے۔ جمناسٹکس کے مینز ٹیم ایونٹ میں واپڈا نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاک فضائیہ کے جے ایف-17 طیاروں کا انڈونیشین صدر کو شاندار فضائی سلامی، ویڈیو وائرل
والی بال میں پاکستان آرمی، نیوی اور واپڈا کی ٹیمیں اپنے اپنے میچز جیتنے میں کامیاب رہیں، جبکہ فٹبال میں آرمی، نیوی اور ائیر فورس کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ ہینڈ بال مقابلوں میں بھی آرمی اور واپڈا نے اپنے میچز میں برتری قائم رکھی۔
نیشنل گیمز اسکواش ایونٹ کی فائنل لائن اپ بھی مکمل ہو گئی ہے، جہاں مینز ٹیم ایونٹ کا فائنل آرمی اور واپڈا کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ خواتین کے ایونٹ میں آرمی اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
خواتین کے سیمی فائنل میں آرمی نے بلوچستان اور کے پی نے پنجاب کو ہرایا جبکہ مینز مقابلوں میں آرمی نے ائیر فورس اور واپڈا نے پنجاب کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
ایونٹس کے اگلے مرحلے میں ایتھلیٹکس کے مزید 12 گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہونا باقی ہے، جس کے بعد مجموعی میڈلز ٹیبل میں مزید تبدیلیوں کی توقع کی جا رہی ہے۔





