اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سیکریٹری جنرل عبدالغفور حیدری نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ باتیں دانشمندانہ نہیں ہیں اور ایسے غیر معمولی اقدامات نہ صرف سیاسی عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں بلکہ وفاق اور صوبے کے درمیان کشیدگی بھی بڑھا سکتے ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سیکریٹری جنرل عبدالغفور حیدری نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان اور انتظامی امور کے لیے آئینی اور قانونی راستے موجود ہیں، اس لیے غیر ضروری اقدامات سے گریز کرنا چاہیے۔
ان کے بقول پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت میں یکسوئی نہیں دکھائی دیتی، جس کے نتیجے میں صوبائی سطح پر گورننس کے مسائل مزید پیچیدہ ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جے یو آئی ہم خیال دینی اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ملکی سیاسی صورتِ حال پر مشترکہ مؤقف تیار کرنے کے لیے مشاورت جاری ہے۔
ان کے مطابق اس عمل کے مکمل ہونے کے بعد حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے حتمی اعلان کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پارٹی کے کچھ رہنما جھوٹ بول کر بہنوں کو خوش کرتے ہیں، شیر افضل مروت
عبدالغفور حیدری نے مدارس کی رجسٹریشن اور دیگر حل طلب مسائل پر تشویش کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ کئی اہم معاملات ابھی تک تعطل کا شکار ہیں۔
انہوں نے اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عملدرآمد نہ ہونے کو بھی تشویشناک قرار دیا۔
سیکریٹری جنرل جے یو آئی نے زور دیا کہ موجودہ سیاسی حالات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور تمام اقدامات آئینی دائرہ کار اور قانونی اصولوں کے مطابق کیے جائیں گے، تاکہ ملک میں استحکام برقرار رہے اور غیر ضروری کشیدگی پیدا نہ ہو۔





