خبردار! کولڈ ڈرنکس پینے والوں کے لیے خطرناک حقیقت سامنے آ گئی

لندن: برطانیہ میں صحت کے ماہرین نے کولڈ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس کے زیادہ استعمال پر سخت وارننگ جاری کر دی ہے، حال ہی میں ایک صحت مند 50 سالہ شخص روزانہ انرجی ڈرنکس پینے کے باعث اسٹروک کا شکار ہوگیا۔

اس واقعے کے بعد ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ انرجی ڈرنکس دل کی بیماریوں اور فالج کے خطرات میں نمایاں اضافہ کرتے ہیں۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق متاثرہ شخص روزانہ 8 انرجی ڈرنکس استعمال کرتا تھا، جبکہ اس نے زندگی میں کبھی سگریٹ، شراب یا منشیات کا استعمال نہیں کیا تھا۔

اچانک اسے جسم کے بائیں حصے میں بے حسی، چلنے اور توازن برقرار رکھنے میں مشکل، بولنے میں دقت اور نگلنے میں مسائل کا سامنا ہوا، جس کے بعد اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔

معائنے میں پتہ چلا کہ اس شخص کا اسٹروک دماغ کے اُس حصے میں ہوا جو جسمانی حرکت اور حسی ادراک کو کنٹرول کرتا ہے۔

حیران کن طور پر اس کا بلڈ پریشر 254/150 mm Hg ریکارڈ کیا گیا، جو انتہائی خطرناک سطح ہے۔ ابتدائی علاج کے باوجود گھر واپسی کے بعد اس کا بلڈ پریشر دوبارہ بڑھ گیا۔

بعد ازاں ڈاکٹروں نے معلوم کیا کہ مریض روزانہ 1,280 ملی گرام کیفین استعمال کر رہا تھا، جو عالمی معیار کے مطابق تجویز کردہ حد 400 ملی گرام سے تین گنا زیادہ ہے۔ یہ غیر معمولی کیفین کا استعمال ہی اسٹروک اور بلند فشارِ خون کی وجہ بنا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ،ملکی توانائی کے شعبے کے لیے خوشخبری

ڈاکٹر مارٹھا کوائل اور ڈاکٹر سنیل منشی کے مطابق انرجی ڈرنکس کے حوالے سے سخت قوانین اور پابندیاں ضروری ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں اور بالغوں میں ان مشروبات کے خطرات سے متعلق شعور بیدار کرنے کی فوری ضرورت ہے، کیونکہ یہ دل کے امراض، ہائی بلڈ پریشر اور فالج کے امکانات کو خطرناک حد تک بڑھا دیتے ہیں۔

صحت کے ماہرین نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ کیفین کے استعمال پر نظر رکھیں اور انرجی ڈرنکس کو روزمرہ معمول کا حصہ نہ بنائیں، ورنہ نتائج جان لیوا ثابت ہوسکتے ہیں۔

Scroll to Top