وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا بلاول بھٹو سے اظہارِ تشکر، ساتھ ہی شکوہ بھی کردیا

Pakistan SCO Summit 2026

خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور دہشتگردی کے چیلنجز کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا صوبائی امور سے دور سندھ میں سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہونا سوالات اٹھانے لگا۔

سہیل آفریدی اس وقت سندھ کے دورے پر ہیں جہاں وہ سیاسی کارکنوں سے ملاقاتیں اور اجتماعات سے خطاب کر رہے ہیں۔ اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے مختلف مقدمات میں قید سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔

ٹنڈوالہٰیار میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا تاہم سندھ میں اپنے قافلے کے راستے میں مبینہ رکاوٹیں کھڑی کیے جانے پر شکوہ بھی کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلاول بھٹو نے انہیں خوش آمدید کہا تاہم ان کے راستے روکے جا رہے ہیں، کنٹینرز کھڑے کیے جا رہے ہیں اور گڑھے کھودے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بلاول بھٹو سے سوال کیا کہ کیا یہ اقدامات سندھ حکومت کروا رہی ہے؟ اگر ایسا نہیں تو جو یہ سب کچھ کر رہا ہے، اس کا نام سامنے لایا جائے۔

سہیل آفریدی نے سندھ کے عوام کو مہمان نواز اور بہادر قرار دیتے ہوئے کہا کہ رکاوٹوں کے باوجود عوام ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ سمیت پوری کابینہ سندھ میں، چار روز تک صوبے میں ایمرجنسی آئی تو ذمہ دار کون ہوگا؟

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال بدستور ایک بڑا چیلنج ہے اور دہشتگردی کے واقعات صوبے کے مختلف علاقوں میں شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔

ایسے میں وزیراعلیٰ کی جانب سے صوبے سے باہر سیاسی سرگرمیوں میں شرکت پر سیاسی حلقوں میں یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات کیا ہونی چاہئیں۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کو سیاسی سرگرمیوں کے بجائے خیبرپختونخوا میں امن و امان، حکومتی معاملات اور عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔ تاہم وزیراعلیٰ کے حامی ان کے سندھ کے دورے کو سیاسی و جماعتی سرگرمیوں کا حصہ قرار دیتے ہیں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top