میٹرک آرٹس میں پاس کرنے والے طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری

میٹرک (آرٹس) میں پاس کرنے کے بعد سائنس گروپ میں داخلہ لینے کے خواہش مند افراد کے لئے ایک بڑی اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے تحت میٹرک (آرٹس/ہیومینیٹیز) کے طلبہ کو انٹرمیڈیٹ کی سطح پر سائنس گروپس میں داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

اس پالیسی تبدیلی کے بعد آرٹس کے پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلبہ اب پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس (آئی سی ایس) اور دیگر سائنس سے متعلق گروپس میں داخلہ حاصل کر سکیں گے، جو اس سے قبل ممکن نہیں تھا۔

حکام کے مطابق یہ فیصلہ انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کے ایک اہم اجلاس کے دوران کیا گیا۔ اس نئی پالیسی کا اطلاق 2026 کے پہلے سالانہ سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) امتحانات سے ہوگا۔

اس حوالے سے آئی بی سی سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد علی گل کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں اس فیصلے کی مکمل تفصیلات درج ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم،طلبا کیلئے بڑی خوشخبری

نوٹیفکیشن کے مطابق اس پالیسی کی منظوری تمام متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد دی گئی ہے۔ ان اداروں میں پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی)، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان تمام اداروں کی رائے اور سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فیصلے کو حتمی شکل دی گئی ہے۔

حکام نے اس پالیسی کو ایک تاریخی قدم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے آرٹس کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ہزاروں طلبہ کو آگے بڑھنے اور سائنس کے میدان میں تعلیم حاصل کرنے کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق شعبہ منتخب کرنے کی آزادی فراہم کرے گا اور تعلیمی نظام میں لچک پیدا کرے گا۔

Scroll to Top