خیبرپختونخوا حکومت کی این جی اوز کو رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت

سلمان یوسفزئی

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے کام کرنے والی تمام نان گورنمنٹل آرگنائزیشنز (این جی اوز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ نان گورنمنٹل آرگنائزیشنز رجسٹریشن رولز 2024 کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل لاء اینڈ ہیومن رائٹس کے ساتھ اپنی رجسٹریشن مقررہ مدت میں مکمل کریں۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل لاء اینڈ ہیومن رائٹس خیبرپختونخوا کے فوکل پرسن کے مطابق وہ این جی اوز جو تاحال رجسٹرڈ نہیں ہیں انہیں رولز کے نفاذ کے ساٹھ (60) دن کے اندر اپنی رجسٹریشن کرانا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : والدین کیلئے خوشخبری ،ب فارم میں تاریخ پیدائش تبدیل کروانے کا مکمل طریقہ کار سامنے آ گیا

رجسٹریشن کا مقصد صوبے میں انسانی حقوق کے شعبے میں کام کرنے والے اداروں کے مابین شفافیت، مؤثر نگرانی اور بہتر رابطہ کاری کو فروغ دینا ہے تاکہ انسانی حقوق کے تحفظ اور ترویج کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

فوکل پرسن نے واضح کیا کہ مقررہ مدت کے اندر رجسٹریشن نہ کرانے کی صورت میں متعلقہ این جی او پر رجسٹریشن فیس کا پانچ فیصد یومیہ جرمانہ عائد کیا جائے گا جبکہ مسلسل عدم تعمیل کی صورت میں ڈائریکٹوریٹ جنرل لاء اینڈ ہیومن رائٹس کی جانب سے ادارے کی سرگرمیاں معطل یا بند بھی کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ این جی اوز اپنی رجسٹریشن آن لائن مکمل کر سکتی ہیں جبکہ حکومت خیبرپختونخوا انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے کام کرنے والے تمام رجسٹرڈ اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے اور ایک مؤثر، شفاف اور جوابدہ نظام قائم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔

Scroll to Top