برلن: یورپی رہنماؤں نے یوکرین میں مستقبل میں سیکیورٹی اور استحکام کے لیے اہم اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا، نیٹو اور یورپین یونین کے 10 اہم رہنماؤں نے برلن میں یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کے بعد مشترکہ دستخط شدہ بیان جاری کیا۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ یوکرین میں تعینات کی جانے والی کثیرالاقوامی امن فوج امریکی اور طاقتور یورپی ممالک کی جانب سے دی گئی ضمانتوں کا حصہ ہوگی۔
اس اقدام کا مقصد جنگ کے بعد روس کی طرف سے ممکنہ معاہدے کی خلاف ورزی کو روکنا اور یوکرین میں دیرپا سیکیورٹی فراہم کرنا ہے۔
یورپی رہنماؤں نے مزید کہا کہ امن کی صورت میں یوکرین کو 8 لاکھ نفوس پر مشتمل فوج برقرار رکھنی چاہیے، جس کو یورپی قوتوں کی حمایت حاصل رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں : خبردار: سفر سے گریز کریں، موٹروے ایم ون ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند
ساتھ ہی امریکی قیادت میں قائم ہونے والے جنگ بندی مکینزم کو بھی تحفظ کی ضمانتوں میں شامل کیا گیا ہے، جس کا کام کسی بھی حملے کی صورت میں پیشگی اطلاع فراہم کرنا ہوگا۔
ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ یوکرین کی سیکیورٹی کے لیے ایک تاریخی اقدام ہے، جو مستقبل میں یورپ اور خطے میں امن و استحکام کی مضبوط بنیاد رکھے گا۔





