پشاور: مچنی گیٹ میں پولیس کا کامیاب آپریشن، دو خونی ڈاکو مارے گئے

پشاور: تھانہ مچنی گیٹ کی حدود میں پولیس نے دو خونی ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا، جن کے خلاف متعدد ڈکیتی کے مقدمات درج تھے۔

ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت محمد ریاض ولد محمد یوسف اور شہزاد خان ولد فضل امین کے نام سے ہوئی۔

ذرائع کے مطابق محمد ریاض کا تعلق غزالی گھرائی پنجابی روڈ سے جبکہ شہزاد خان ورسک روڈ گری سعدو کا رہائشی تھا۔ پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران دو نامعلوم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کے خلاف تھانہ مچنی گیٹ میں چار مقدمات درج تھے، جن میں ایف آئی آر نمبر 1076، 1077، 1078 اور 1085 شامل ہیں۔

دونوں ملزمان پر دو ہفتوں کے دوران مچنی گیٹ کے علاقے میں ڈکیتی اور سنیچنگ کے واقعات میں بے گناہ افراد کے قتل اور شہریوں کو زخمی کرنے کے الزامات تھے۔

پولیس نے مقابلے کے بعد ملزمان کے قبضے سے دو عدد 30 بور پستول برآمد کر لیے۔ مزید برآں وارداتوں میں استعمال ہونے والی تین چھینی ہوئی موٹر سائیکلیں اور ایک چھینی ہوئی تیز رفتار آٹو رکشا بھی پولیس نے تحویل میں لے لی۔

یہ بھی پڑھیں : نثار باز خان اور گورنر کی ملاقات: اسمبلی کو بااختیار بنائے بغیر کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا

سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں محمد سعید نے بتایا کہ شہر میں ڈکیتوں کے خلاف پولیس آپریشن جاری رہے گا اور فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش تیز کر دی گئی ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوراً پولیس کو دیں تاکہ مزید جرائم روکے جا سکیں۔

پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سخت اور مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ شہر میں امن و امان قائم رہے۔

Scroll to Top