پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی نثار باز خان نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی، جس میں صوبے کو درپیش اہم چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران بالخصوص امن و امان کی مجموعی صورتحال، موجودہ سیاسی حالات اور عوام کو درپیش مسائل زیر بحث آئے۔
دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیاسی جماعتوں کا مؤثر، ذمہ دارانہ اور مثبت کردار ناگزیر ہے، جبکہ سیاسی برداشت اور جمہوری رویّوں کے فروغ کے بغیر درپیش مسائل کا دیرپا حل ممکن نہیں۔
ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود مکالمے اور مشاورت کا عمل جاری رہنا چاہیے۔
نثار باز خان نے صوبائی اسمبلی کے فعال اور بااختیار کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قانون سازی، عوامی مفادات کے تحفظ اور حکومتی نگرانی کے عمل میں اسمبلی کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ عوامی امنگوں کی حقیقی ترجمانی ممکن ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں : تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں امن، استحکام اور ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی۔
انہوں نے جمہوری اداروں، خصوصاً صوبائی اسمبلی کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی خواہشات کے مطابق قانون سازی کریں اور نگرانی کے نظام کو مؤثر بنائیں۔
گورنر نے مزید کہا کہ سیاسی ہم آہنگی، مثبت مکالمہ اور جمہوری طرزِ فکر ہی خیبرپختونخوا کو درپیش چیلنجز کا پائیدار اور مؤثر حل فراہم کر سکتے ہیں۔





