بادل چھائے، بارش کب شروع ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا

بادل چھائے، بارش کب شروع ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا

بادل چھائے، بارشوں کا سلسلہ کب سے شروع ہوگا؟شہری تیاری کرلیں، محکمہ موسمیات کی تازہ پیشگوئی سامنے آگئی ۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ چترال، دیر اور کوہستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے۔ پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، ڈی آئی خان اور گردونواح میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے، جس سے سفر پر اثر پڑ سکتا ہے۔

پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور گردو نواح میں بھی موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع کی گئی ہے۔ تاہم سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولنگر، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، خانیوال، خانپور، کوٹ ادو، بہاولپور، رحیم یار خان، رجن پور اور گردونواح میں درمیانی سے شدید دھند یا سموگ پڑنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ سندھ کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، لاڑکانہ، موہنجوداڑو اور گردونواح میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے میدانی علاقوں پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ اور ڈیرہ میں دھند چھائی رہے گی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چترال میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔

شہر پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 7 اور زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 48 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر علاقوں میں پاراچنار میں 1، دیر میں 2، چترال، دورش، کاکول اور کالام میں 3-3 ڈگری سینٹی گریڈ، بالاکوٹ، تیمرگرہ اور میرکنی میں 4-4 ڈگری سینٹی گریڈ، سیدوشریف اور مالم جبہ میں 5-5 ڈگری سینٹی گریڈ اور تخت بائی و چراٹ میں 6-6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ڈی آئی خان میں کم سے کم درجہ حرارت 9 اور بنوں میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

Scroll to Top