لوئر کوہستان میں چیئر لفٹ کا افسوسناک واقعہ

ضلع لوئر کوہستان میں دریائے سندھ پر قائم چیئرلفٹ (ڈولی) سے گرنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔

افسوسناک واقعہ ترازئی بندہ کے علاقے میں پیش آیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق 42 سالہ عبدالوکیل نے پہلے اپنے بیٹے کو بحفاظت چیئرلفٹ سے اتارا، تاہم اسی دوران لفٹ میں اچانک فنی خرابی پیدا ہو گئی اور وہ الٹی سمت میں حرکت کرنے لگی۔

اچانک جھٹکے کے باعث عبدالوکیل اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور سیکڑوں فٹ نیچے پتھریلے کنارے پر جا گرے، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کے اہلکار ملک شریف نے بتایا کہ حادثہ چیئرلفٹ کے اچانک ریورس ہونے کے باعث پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کی اور مشکل پہاڑی راستوں سے گزرتے ہوئے لاش کو دریائے سندھ کے کنارے سے نکالا گیا۔

بعد ازاں میت کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

Scroll to Top