الیکشن کمیشن نے اراکین پارلیمنٹ کو اثاثے اور واجبات جمع کرانے کے لیے ڈیڈلائن دے دی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام اراکین پارلیمنٹ کو مالی سال 2024-25 کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع کرانے کے لیے آخری تاریخ 31 دسمبر مقرر کر دی ہے۔

کمیشن کے مطابق یہ گوشوارے شریک حیات اور زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات سمیت جمع کرانا لازمی ہے۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ اثاثے اور واجبات مقررہ فارم بی پر جمع کرانا لازمی ہیں، جو الیکشن کمیشن کے سیکرٹریٹ اور متعلقہ دفاتر سے مفت حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ فارم بی الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کے نام یکم جنوری کو شائع کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ 15 جنوری تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔

معطل اراکین پارلیمنٹ یا اسمبلی کی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے، یہاں تک کہ گوشوارے جمع کرانے تک ان کی پارلیمانی سرگرمیاں روک دی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کابینہ نے ریڑھی بانوں کو دیا قانونی تحفظ، ہزاروں خاندانوں کے لیے خوشخبری

الیکشن کمیشن نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر کسی رکن نے غلط معلومات فراہم کیں تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

غلط بیانی ثابت ہونے کی صورت میں 120 دن کے اندر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

کمیشن نے تمام اراکین کو تاکید کی ہے کہ مقررہ مدت کے اندر گوشوارے جمع کرائیں تاکہ قانونی پیچیدگیوں اور رکنیت کی معطلی سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top