خیبرپختونخوا کابینہ نے ریڑھی بانوں کو دیا قانونی تحفظ، ہزاروں خاندانوں کے لیے خوشخبری

پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ نے اسٹریٹ وینڈرز ایکٹ یعنی احساس ریڑھی بان تحفظ بل 2025 کی منظوری دے دی ہے، جسے نیشنل انفلونسرز نے خوش آئند قرار دیا ہے۔

نیشنل انفلونسرز نے خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ کے اس فیصلے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ بل پورے صوبے میں ریڑھی بانوں کے حقوق اور روزگار کے تحفظ کی جانب ایک اہم اور تاریخی قدم ثابت ہوگا۔

بل کے اہم نکات اور اثرات:
احساس ریڑھی بان تحفظ بل ریڑھی بانوں کو قانونی شناخت فراہم کرے گا اور بلاجواز بے دخلی سے تحفظ بھی فراہم کرے گا۔

اس کے تحت ایک منظم اور شفاف ریگولیٹری فریم ورک قائم کیا جائے گا، جس سے ریڑھی بان شہری معیشت میں باضابطہ حصہ لے سکیں گے اور ہزاروں خاندانوں کے لیے باعزت روزگار کی ضمانت فراہم ہوگی۔

نیشنل انفلونسرز کے صدر محمد سلیمان نے اس فیصلے کو خوش آئند اور بروقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قانون اُن محنت کش طبقوں کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے جو طویل عرصے سے قانونی تحفظ سے محروم رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ملک میں 14 اشیاء سستی، 17 مہنگی، 20 کی قیمتیں مستحکم، ہفتہ وار رپورٹ جاری

انہوں نے زور دیا کہ قانون کی کامیابی کے لیے اس پر شفاف اور مؤثر عمل درآمد لازم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل انفلونسرز احساس ریڑھی بان تحفظ بل 2025 کی منظوری کو معاشی انصاف اور انسانی وقار کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیتی ہے اور امید ظاہر کرتی ہے کہ صوبے بھر کے ریڑھی بان حقیقی معنوں میں اس قانون سے مستفید ہوں گے۔

اس بل کی منظوری کے بعد خیبرپختونخوا میں اسٹریٹ وینڈرز کو قانونی تحفظ حاصل ہوگا اور یہ صوبے میں روزگار اور شہری معیشت میں شفافیت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

Scroll to Top