حمد اللہ
ایبٹ آباد کی کاغان کالونی میں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی اور تین بچوں کو زہر دینے کے بعد خود بھی زہر کھا کر خودکشی کی کوشش کی۔
اس افسوسناک واقعے کے نتیجے میں تینوں معصوم بچے جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ مذکورہ شخص اور اس کی اہلیہ کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور متاثرہ افراد کو ایوب ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز میاں بیوی کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ہسپتال ذرائع نے تین بچوں کی موت کی تصدیق کر دی ہے ۔
پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
ابتدائی طور پر واقعے کے پیچھے چھپے محرکات سامنے نہیں آ سکے ہیں تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ اس شخص نے اتنا سنگین قدم کیوں اٹھایا۔





