چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی ملاقات

چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، این آئی (ایم ) ایچ جے سے آج جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے ایشیا کپ مینز انڈر 19 جیتنے پر کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور آفیشلز کو دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے ٹیم کے نظم و ضبط، ٹیم ورک اور جیت کے جذبے کو سراہتے ہوئے اس کامیابی کو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نوجوان کھلاڑیوں کی محنت اور لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے نوجوانوں میں موجود بے پناہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ وہ محنت، پیشہ ورانہ رویے اور اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے میدان کے اندر اور باہر ملک کے بہترین سفیر بنیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان قوم کا مستقبل ہیں اور ان کی توانائی، قابلیت اور کردار ملک کی ترقی اور عالمی تشخص کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

فیلڈ مارشل نے کھلاڑیوں کو دیانتداری، نظم و ضبط اور لگن کے ساتھ قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔

اس موقع پر انڈر 19 ٹیم کے اراکین نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پذیرائی ان کے لیے مزید محنت اور بہتر کارکردگی کی ترغیب ہے۔

Scroll to Top