ریاض: سعودی عرب میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول (GDNC) نے ریاض ریجن میں ایک کارروائی کے دوران 71 کلوگرام میتھایمفیٹامین کے ساتھ 6 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔ اس کارروائی میں زکوٰۃ، ٹیکس اینڈ کسٹمز اتھارٹی کا تعاون بھی شامل تھا۔
سعودی وزارت داخلہ کے سکیورٹی ترجمان طلال الشلہوب نے بتایا کہ ملزمان کو منشیات وصول کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا، اور ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سعودی حکام منشیات کے ذریعے ملکی سلامتی اور نوجوانوں کو نشانہ بنانے والی کسی بھی مجرمانہ سرگرمی پر کڑی نظر رکھتے ہیں اور ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دینے کا یقین دلاتے ہیں۔
اس کے علاوہ طلال الشلہوب نے ایک اور کارروائی کا بھی ذکر کیا، جس میں عمانی حکام کے ساتھ شیئر کی گئی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر منشیات کی دو اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔
اس دوران 200 کلوگرام سے زائد منشیات ضبط کی گئیں، جو اسمگلرز کی بڑی کارروائی کو ناکام بنانے میں مددگار ثابت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم کی دوبارہ پیشکش، مگر پی ٹی آئی کی قیادت کا ردعمل تاحال سامنے نہیں آیا
سعودی حکام نے واضح کیا کہ ملک میں منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور کسی بھی ملوث فرد کو قانون کے کٹہرے سے بچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہ کارروائی سعودی عرب میں نوجوانوں کو منشیات سے محفوظ رکھنے اور ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔





