اسلام آباد: پاکستان کے لیے کھیلوں کے میدان سے ایک اور بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔
اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کرنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کو دبئی میں منعقد ہونے والے ورلڈ اسپورٹس سمٹ میں ایک اعلیٰ عالمی اعزاز سے نوازا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی کی رائل فیملی نے ارشد ندیم کو باقاعدہ طور پر ورلڈ اسپورٹس سمٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
وہ اس عالمی ایونٹ میں شرکت کرنے والے واحد پاکستانی ایتھلیٹ ہوں گے، جو پاکستان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔
ارشد ندیم اس موقع پر شیخ راشد المکتوم گلوبل اسپورٹس ایوارڈ وصول کریں گے۔ یہ ایوارڈ دنیا بھر میں کھیلوں کے شعبے میں غیرمعمولی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو دیا جاتا ہے، اور ارشد ندیم کا اس فہرست میں شامل ہونا پاکستان کے کھیلوں کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
ورلڈ اسپورٹس سمٹ میں دنیا کے نامور کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے، جن میں عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو، ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز، نوواک جوکووچ اور معروف فائٹر خبیب نورماگومیدوف سمیت دیگر عالمی کھیلوں کی شخصیات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح، سی سی پی او نے ہدایات جاری کیں
یہ عالمی اسپورٹس ایونٹ 29 اور 30 دسمبر کو دبئی میں منعقد ہوگا، جہاں کھیلوں کی ترقی، کھلاڑیوں کے کردار اور عالمی اسپورٹس پالیسیز پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ارشد ندیم کو اس سطح پر ملنے والا اعزاز نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ اس سے پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر مزید تقویت ملے گی اور ملک میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک نئی امید اور حوصلہ پیدا ہوگا۔





