خیبرپختونخوا امن جرگہ کا متفقہ اعلامیہ وزیراعظم کو ارسال

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے منعقدہ خیبرپختونخوا امن جرگہ 2025 کے متفقہ اعلامیے کو وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد شہباز شریف کو ارسال کر دیا۔

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کی جانب سے وزیراعظم کو ارسال کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا امن جرگہ 2025 صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا کے منتخب نمائندگان، مختلف سیاسی جماعتوں، اسٹیک ہولڈرز اور متعلقہ اداروں کی مشاورت سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد صوبے میں امن، استحکام اور عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینا تھا۔

اعلامیے میں اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کو درپیش پیچیدہ سیکیورٹی چیلنجز کا حل صرف فوجی کارروائیوں تک محدود نہیں بلکہ جامع مشاورت، سیاسی ہم آہنگی اور عوامی اعتماد کے ذریعے ہی دیرپا امن ممکن ہے۔

امن جرگہ میں شریک تمام فریقین کے اتفاقِ رائے سے ایک مشترکہ اعلامیہ منظور کیا گیا، جسے صوبے میں امن و استحکام کے لیے رہنما فریم ورک قرار دیا گیا ہے۔

اسپیکر بابر سلیم سواتی نے اپنے خط میں واضح کیا ہے کہ صوبائی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے سیکیورٹی اس مشاورتی عمل کو آئندہ بھی جاری رکھے گی اور سیکیورٹی اداروں سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی آراء کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تشکیل دی جائے گی۔

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے امن جرگہ کے اعلامیے کو حقیقی معنوں میں نافذ کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے تعاون کی درخواست بھی کی ہے تاکہ صوبے میں پائیدار امن، استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top