لکی مروت: سی ٹی ڈی اور لکی پولیس کی کامیاب کارروائی، مطلوب دہشتگرد کمانڈر ہلاک

لکی مروت: سی ٹی ڈی لکی اور لکی مروت پولیس نے ضلع لکی میں مشترکہ کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب دہشتگرد کمانڈر برکت اللہ عرف برکتی (ابوذر سمیت مختلف فرضی ناموں سے معروف) کو ہلاک کر دیا۔

ہلاک دہشتگرد مختلف دہشتگرد گروہوں کا سرغنہ اور معاون تھا اور اسے دہشتگردی، سیکورٹی فورسز پر حملے، قتل و اقدام قتل اور بھتہ خوری سمیت 10 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگرد سابق لیویز اہلکار ہدایت اللہ، کانسٹیبل حافظ زینت اللہ، سمیع اللہ اور اسد اللہ کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔

کارروائی لکی کے علاقے وانڈہ امیر خان کے مضافات میں کی گئی، جس میں عوامی امن کمیٹیوں کے رضاکاروں نے پولیس کے شانہ بشانہ حصہ لیا۔

ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان نے سی ٹی ڈی اور لکی پولیس کو کامیاب کارروائی پر خصوصی شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اور پولیس شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں اور جلد ضلع لکی مروت کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی ہدایات پر دہشتگردوں کا جڑ سے خاتمہ کرنے کے لیے صوبے کے مختلف اضلاع میں ٹارگٹڈ آپریشنز جاری ہیں۔

اسی تسلسل میں ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت نذیر خان (PSP) کی زیر قیادت سی ٹی ڈی سپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیمز اور مقامی پولیس نے امن کمیٹیوں کے تعاون سے یہ فیصلہ کن کارروائی کی۔

یہ بھی پڑھیں : احتساب سب کے لیے برابر، کسی کو استثنیٰ نہیں، مولانا فضل الرحمان

آپریشن کے دوران دہشتگرد کمانڈر برکت اللہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ پولیس پارٹی پر حملہ آور ہوا، جس کے نتیجے میں دوطرفہ فائرنگ میں وہ ہلاک ہوا۔

فائرنگ رکنے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران اس کی لاش اور زیر استعمال اسلحہ برآمد کر لیا گیا، جبکہ اس کے ساتھی علاقے کے دشوار گزار راستوں کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔

ہلاک دہشتگرد کمانڈر سی ٹی ڈی اور مقامی پولیس کو ٹارگٹ کلنگ، آئی ای ڈی دھماکوں اور سیکورٹی فورسز پر حملوں کے مقدمات میں مطلوب تھا۔

ترجمان لکی مروت پولیس نے بھی کارروائی کی کامیابی پر شاباش دی اور بتایا کہ عوام اور پولیس کی مشترکہ کوششوں سے ضلع میں امن و امان قائم کرنے میں مدد ملی ہے۔

Scroll to Top