سرمائی تعطیلات کے دوران نجی سکولوں میں امتحانات لینے پر پابندی عائد

سلمان یوسفزئی

خیبر پختونخوا پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی (پی ایس آر اے )نے سرمائی تعطیلات کے دوران نجی سکولوں میں امتحانات لینے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

اس سلسلے میں اتھارٹی کی جانب سے تمام نجی تعلیمی اداروں کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

مراسلے میں نجی سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرمائی تعطیلات کے دوران جاری یا اعلان کردہ امتحانی شیڈول فوری طور پر واپس لیا جائے۔

پی ایس آر اے کے مطابق تعطیلات میں امتحانات کا انعقاد قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ سرمائی تعطیلات کے دوران طلبہ اور اساتذہ کو امتحانی دباؤ میں رکھنا غیرقانونی ہے اور اس عمل کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے والے نجی سکولوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس حوالے سے کسی خلاف ورزی کی صورت میں اتھارٹی کو آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

Scroll to Top