محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش اور برفباری متوقع ہے۔
مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 29 دسمبر کی رات سے ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ 2 جنوری تک جاری رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 29 سے 31 دسمبر کے دوران بلوچستان میں تیز بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے جبکہ 30 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران خیبرپختونخوا میں بھی بارش اور برفباری متوقع ہے۔
اسی طرح 30 دسمبر سے 2 جنوری کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور شدید برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، پنجاب میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ اسلام آباد، مری اور گلیات میں اسی عرصے کے دوران بارش متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے، تاہم بارشوں کے باعث پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند کی شدت میں کمی آنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔





