وزارتِ سمندر پار پاکستانیز و ترقیِ انسانی وسائل کی انتھک اور مؤثر کاوشوں کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
پاکستانی محنت کشوں کے لیے یورپ میں روزگار کے نئے دروازے کھل گئے ہیں، اٹلی نے پاکستان کے لیے مجموعی طور پر 10 ہزار 500 ملازمتوں کا کوٹہ مختص کر دیا ہے۔
اٹلی کی جانب سے پاکستان کو آئندہ تین برسوں کے لیے روزگار کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے، جس کے تحت ہر سال 3 ہزار 500 پاکستانی سیزنل اور نان سیزنل بنیادوں پر اٹلی جا سکیں گے۔
اس کوٹے میں 1500 سیزنل جبکہ 2 ہزار نان سیزنل ورکرز شامل ہوں گے جو مختلف شعبوں میں خدمات انجام دیں گے۔
وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین کی خصوصی درخواست پر اٹلی نے پاکستان کے لیے نوکریوں کا کوٹہ مختص کیا، جسے باقاعدہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔
اٹلی کی جانب سے پاکستانی محنت کشوں کو شپ بریکنگ، ہاسپیٹی لٹی، ہیلتھ کیئر اور زرعی شعبوں میں روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں، پاکستانی ہنرمند اور نیم ہنرمند افرادی قوت اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی۔
ترجمان کے مطابق ویلڈرز، ٹیکنیشنز، شیف، ویٹرز، ہاؤس کیپنگ سٹاف، نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشنز، فارمنگ اور کاشتکاری کے شعبوں میں پاکستانیوں کے لیے نمایاں روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے۔
اٹلی یورپ کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے پاکستان کے لیے ملازمتوں کا باضابطہ کوٹہ مختص کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک سے موبائل لانے والے اوورسیز کے لیے بڑی خوشخبری
وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے اس پیش رفت کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اٹلی کی جانب سے پاکستانی ورک فورس کے لیے روزگار کا کوٹہ مختص ہونا پوری قوم کے لیے نہایت خوش آئند خبر ہے۔
انہوں نے کہا کہ طویل جدوجہد کے بعد اٹلی میں پاکستانی محنت کشوں کے لیے روزگار کے مواقع میسر آ رہے ہیں، جو یورپی لیبر مارکیٹ میں پاکستان کی شمولیت کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان اپنے شہریوں کو عالمی سطح پر باعزت اور محفوظ روزگار فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کر رہے ہیں اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، جلد ہی یورپ کے مزید ممالک بھی پاکستانی ورک فورس کے لیے اپنے دروازے کھولیں گے۔





